راولپنڈی: سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج نے ہمیشہ میری پکار پر لبیک کہا، میں نے جب پسینہ مانگا تو انہوں نے خون دیا۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بطور مہمانِ خصوصی نئے چیف آف آرمی اسٹاف کو کمان کی چھڑی سونپنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنرل عاصم منیر کو نیا آرمی چیف بننے پر مبارکباد دیتا ہوں۔
سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید قبل از وقت ریٹائر
جی ایچ کیو راولپنڈی میں کمان تبدیلی کی پر وقار تقریب میں وفاقی وزراء، سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور دیگر ممالک کے دفاعی اتاشی شریک ہوئے۔
پر وقار تقریب سے خطاب کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر حافظِ قرآن ہونے کے ساتھ ساتھ پیشہ ور سپاہی اور باصلاحیت افسر ہیں۔ ان کی قیادت میں فوج ملک کا دفاع اور خدمت کرے گی۔
تقریب سے خطاب کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ میں اللہ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے پاک فوج میں قوم کی خدمت کا موقع دیا۔ شکر ادا کرتا ہوں کہ اللہ نے اس بہادر فوج کی قیادت کا موقع دیا۔امید ہے جنرل عاصم منیر کی تعیناتی بہت مثبت ثابت ہوگی۔
خطاب کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج کی قربانیوں کی وجہ سے آج پاکستان میں امن قائم ہے۔ کم وسائل کے باوجود پاک فوج ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے اور ملک کے چپے چپے کی حفاظت کی ضامن ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








