ارشد ندیم کو گولڈ میڈل مل گیا، قومی ہیرو کی وطن واپسی آج ہوگی

تازہ ترین

تازہ ترین

ارشد ندیم
(فوٹو: این ڈی ٹی وی)

لاہور: پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل مل جانے کے بعد مایہ ناز جیولن تھروور ارشد ندیم کی وطن واپسی آج ہوگی۔ اولمپکس ایسوسی ایشن استقبال کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق پیرس اولمپکس میں ریکارڈ قائم کرنے والے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی کامیابی پر ملک بھر میں خوشی منائی جارہی ہے۔ بے شمار پاکستانی قومی ہیرو کی وطن واپسی اور پرتپاک استقبال کیلئے بے قرار ہیں۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ارشد ندیم آج رات 1 بجے استنبول کے راستے لاہور ائیرپورٹ پہنچیں گے۔ پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن اور معروف سیاسی و سماجی شخصیات بھی ارشد ندیم کا استقبال کریں گی۔

اس سے قبل ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلے میں 92اعشاریہ 97 میٹر کی ریکارڈ تھرو کرکے تنِ تنہا  ملک کی 77سالہ تاریخ میں پہلی بار سونے کا تمغہ جیت لیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

رپورٹ کے مطابق ارشد ندیم کی کامیابی پر انعامات کی بارش بھی جاری ہے۔ اس سے قبل جیولین تھرو مقابلے میں میڈلز جیتنے والوں کی تقریب میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو گولڈ میڈل پہنا دیا گیا۔

تقریب میں گیرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز نے برانز میڈل جبکہ بھارت کے نیرج چوپڑا نے سلور میڈل پہنا۔ پاکستان کیلئے نئی تاریخ رقم کرنے والے ارشد ندیم نے گولڈ میڈل پہن کر ملکی تشخص کو چار چاند لگا دئیے۔

Related Posts