پنجاب حکومت نے صوبے کے مستحق اور نادار فنکاروں کی مالی معاونت اور فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے 50 کروڑ روپے کا خصوصی فنڈ قائم کر دیا ہے۔ اس فنڈ کا مقصد ایسے فنکاروں کو معاشی تحفظ فراہم کرنا ہے جو زندگی کے مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔
یہ اقدام پنجاب آرٹسٹ خدمت کارڈ پروگرام کے تحت شروع کیا گیا ہے جس کے ذریعے اہل فنکاروں کو ماہانہ 5 ہزار روپے وظیفہ فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی روزمرہ ضروریات بہتر انداز میں پوری کر سکیں۔
فوری امداد اور ادائیگی کا طریقہ کار
ابتدائی مرحلے میں 63 فنکاروں کو فوری ریلیف کے طور پر فی کس 15 ہزار روپے ادا کیے جا چکے ہیں۔ وظیفے کی رقم بینک آف پنجاب کے ذریعے براہِ راست مستحق فنکاروں کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔
درخواستیں اور اہلیت کا عمل
پروگرام کے آغاز پر سال کے اوائل میں درخواستیں طلب کی گئی تھیں جن کے نتیجے میں مجموعی طور پر 2,702 درخواستیں موصول ہوئیں۔ جانچ پڑتال اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق 1,831 فنکاروں کو اہل قرار دیا گیا ہے۔ ان مستحق افراد کا ڈیٹا پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کو بھجوا دیا گیا ہے اور فنڈز کی تقسیم کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
اس اسکیم کے تحت فنکاروں کے لیے مزید مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی، جن میں شامل ہیں۔
تعلیمی گرانٹ کی مد میں 3 لاکھ روپے تک امداد
میڈیکل گرانٹ کے طور پر 2 لاکھ روپے تک مالی مدد
دیگر ضروری اخراجات کے لیے 1 لاکھ روپے تک کی خصوصی امداد
بزرگ فنکاروں کے لیے مجوزہ پنشن
حکومت 80 سال سے زائد عمر کے بزرگ فنکاروں کے لیے ماہانہ 10 سے 15 ہزار روپے پنشن دینے کی تجویز پر بھی غور کر رہی ہے۔ اسی طرح 54 سال سے زائد عمر کے فنکاروں کے لیے الگ ریلیف اسکیم متعارف کروانے کی منصوبہ بندی جاری ہے۔
پنجاب حکومت یہ پروگرام فنکار برادری کے لیے خوش آئند خبر ہے کیونکہ یہ طبقہ اکثر مالی مشکلات کا شکار رہتا ہے۔ حکومت کا یہ اقدام نہ صرف ان کی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ ان کی معاشی حالت بہتر بنانے کی ایک سنجیدہ کوشش بھی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








