مہنگائی کے اس دور میں جب ہر کوئی پریشان ہے، شاہ فیصل کالونی نمبر 3 میں موجود اشرفی بک ڈپو کی جانب سے ضرورت مند طالبعلموں کیلئے مفت کورس کی سہولت متعارف کروادی گئی، لیکن ضرورت مند والدین اس کورس کو کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟ ہم نے اس حوالے سے معلومات حاصل کرنے کیلئے اشرفی بک ڈپو کا دورہ کیا اور وہاں موجود عملے سے اس حوالے سے معلومات حاصل کیں، جو قارئین کی نظر ہیں۔
اشرفی بک ڈپو کے مالک جنید نے ایم ایم نیوز کو بتایا کہ مہنگائی اتنی زیادہ بڑھ چکی ہے کہ والدین میں بچوں کو پڑھانے کی سکت نہیں رہی، جبکہ لاک ڈاؤن کے بعد حالات مزید خراب ہوگئے ہیں، مگر ہماری کوشش ہوتی ہے کہ بچے کتابیں نہ ہونے کے باعث اپنی تعلیم سے محروم نہ ہوں۔
جنید نے کہا کہ ہم بچوں کے بہتر مستقبل کی خاطر انہیں کتابیں 50فیصد ڈسکاؤنٹ پر بھی فراہم کردیتے ہیں، کوئی زیادہ غریب آجاتا ہے تو اسے 20فیصد پر بھی دے دیتے ہیں، جبکہ کچھ لوگ ایسے آجاتے ہیں جو بالکل خریدنے کی اہلیت نہیں رکھتے تو ہم انہیں بالکل فری میں بھی کتابیں فراہم کردیتے ہیں۔
جنید نے کہا کہ ہمارے پاس O Level اورA Level کی کتابیں اور کلاس ون سے لے کرنائن تک کی تمام کتابیں موجود ہیں، جبکہ فرسٹ ایئر، سیکنڈ ایئر، بی کام، بی ایس سی، بی اے اور دیگر کتابیں بھی موجود ہیں۔
ہم جب دیکھتے ہیں کہ کتابیں خریدنے کے لئے آنے والا شخص ضرورت مند ہے تو ہم اسے فری میں بھی کتابیں فراہم کردیتے ہیں، جبکہ بعض افر اد ضرورت مند نہیں ہوتے اس کے باوجود کہتے ہیں کہ ہم ضرورت مند ہیں، مگر الحمداللہ ہمیں چہرہ دیکھ کر اندازہ ہوجاتا ہے کہ سامنے والا ضرورت مند ہے یا نہیں، اپنی طرف سے جو ہم کرسکتے ہیں وہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کتابوں کی قیمتیں بہت زیادہ بڑھ چکی ہیں، 400والی کتاب کی قیمت 800روپے تک پہنچ چکی ہے، اس لئے ہم پرانی کتابیں فری میں فراہم کرتے ہیں، کیونکہ نئی کتابیں بہت زیادہ مہنگی ہوچکی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








