ملک بھر میں یوم عاشور کے جلوس روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی منزلوں پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئے جس کے بعد مجالس شام غریباں کا انعقاد کیا گیا، جلوسوں کے روٹس پر سیکورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے، جس کے باعث کسی بھی شہر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔
کراچی
کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس سے قبل یوم عاشور کی مرکزی مجلس صبح آٹھ بجے نشتر پارک میں منعقد کی گئی۔
سندھ پولیس کے ترجمان کے مطابق مرکزی جلوس کے مرکزی راستوں کی سیکیورٹی اور نگرانی کے لیے 5 ہزار 313 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے، اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے اسنائپرز کو بھی جلوس کے راستوں پر تعینات کیا گیا تھا۔
Visited Central Police Office alongwith Sharjeel Memon & Saeed Ghani to oversee the monitoring of procession through CCTV cameras including facial & vehicle recognition. Some real good work is taking place here by Sindh Police with the support of #SindhGovt pic.twitter.com/OUvGddEABJ
— Murtaza Wahab Siddiqui (@murtazawahab1) August 8, 2022
ترجمان نے مزید کہا کہ متبادل راستوں/سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ایک ہزار ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کیے گئے، سندھ پولیس نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال کی صورت میں اس کی ہیلپ لائن پر اطلاع دیں۔
لاہور
لاہور کی نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہونے والا عاشورہ کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہُںچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔ کراچی، ملتان، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ میں بھی دسویں محرم کے جلوس آج نکالے گئے۔
ملک بھر میں یوم عاشور کے جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بند رکھی گئی۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں سخت سیکیورٹی میں ماتمی جلوس نکالے گئے جس میں عزاداروں نے ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا پر ڈھائے گئے مظالم کو یاد کیا۔
علمائے کرام و ذاکرین نے اپنی تقاریر میں حضرت امام حسینؓ کی عظیم اور روشن تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ سندھ حکومت نے 8 سے 10 محرم تک جلوسوں اور مجالس کے دوران میڈیا چینلز کی ویڈیو ریکارڈنگ کے لیے استعمال ہونے والے ہیلی کیم یا ڈرون پر پابندی عائد کی ہے۔
پشاور
پشاور کے مختلف علاقوں سے شب عاشور کے 16 جلوس نکالے گئے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ، فیصل آباد، سرگودھا سمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں سے بھی ماتمی جلوس برآمد ہوئے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی منزل پر اختتام پزیر ہوگئے۔
اسلام آباد
اسلام آباد میں بھی یوم عاشور کا جلوس اپنے روایتی راستوں سے نکالا گیا جو پر امن طور پر اختتام پذیر ہوگیا، سیف سٹی اسلام آباد میں جلوسوں کی نگرانی کے لیے مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا تھا، سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر متعدد علاقوں میں موبائل فون سروسز معطل رہی۔
10ویں محرم الحرام کا جلوس امام بارگاہ قصر زینبیہ G-6/4 سے برآمد ہو کر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مرکزی امام بارگاہ اثنائے عشری G-6کی طرف رواں دواں۔
ایس پی سٹی زون اور ASP سہالہ سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔#ICTP #OPS pic.twitter.com/iTsnsIA7pE— Islamabad Police (@ICT_Police) August 9, 2022
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








