پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اسما عباس نے کہا ہے کہ میں نوجوان نسل کو بتانا چاہتی ہوں کہ شادی سمیت کوئی بھی فیصلہ کرنا ہو، اس سے قبل اپنی حدود طے کرلیں۔
حال ہی میں ملیحہ رحمان کے یوٹیوب شو میں شرکت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ اسما عباس نے کہا کہ نوجوان نسل شادی سے قبل شریکِ حیات کی اچھی اور بری دونوں قسم کی عادتوں کو پہچانے اور سمجھداری کے ساتھ فیصلہ کرے۔
گفتگو کے دوران اداکارہ اسما عباس نے کہا کہ میاں بیوی معمولی خرابیوں کے باعث اگر ایک دوسرے کو چھوڑ دیں اور علیحدگی اختیار کرلیا کریں تو آپ کتنی شادیاں کریں گے؟ مکمل کچھ نہیں ہوتا، اس لیے شریکِ حیات کی مثبت عادتوں کو تسلیم کریں۔
اداکارہ اسما عباس نے کہا کہ اگلا جیون ساتھی گزشتہ سے بد تر ہوسکتا ہے۔ اپنے آپ کو پرسکون کریں، پھر شریکِ حیات سے گفتگو کریں۔ غصے میں نہیں بولنا چاہئے، مردوں اور عورتوں دونوں کو یہ بات سیکھنا ہوگی۔
اسما عباس نے کہا کہ آج کل کی لڑکیاں طنزیہ جملے بولتی اور سخت الفاظ استعمال کرتی ہیں لیکن ہمارے زمانے میں ایسا نہیں تھا۔ لڑکیاں کافی ہوشیار ہوگئی ہیں۔ مرد بہت بدتمیز ہوں تو بدسلوکی والے رشتے میں رہنے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے لڑکیوں کو بدسلوکی اور ظلم سہنے کی بجائے ظالم شوہر کو چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر شوہر ہاتھ اٹھائے، مارے یا گالی دے تو پیچھے مڑ کر مت دیکھیں۔ خیال رہے کہ اسما عباس چپکے چپکے، خمار، دلدل اور جی ٹی روڈ سمیت مختلف ڈراموں میں اداکاری کرچکی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








