بچوں کو ڈینگی سے بچانا اوّلین ترجیح، کراچی کے اسکولز میں اسمبلی اور پی ٹی معطل

تازہ ترین

تازہ ترین

نجی اسکول
(فوٹو: آن لائن)

کراچی میں بچوں کو بیماریوں سے بچانا حکومت کی اوّلین ترجیح بن گئی۔ اسکولز میں اسمبلی اور پی ٹی سیشن معطل کردیا گیا ہے جس کا مقصد ڈینگی اور ملیریا کی روک تھام ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کا موسم تیزی سے تبدیل ہورہا ہے۔ بدلتے ہوئے موسم کے ساتھ ہی کراچی میں ڈینگی اور ملیریا کا پھیلاؤ تیزی سے جاری نظر آتا ہے۔ کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے نئی ایس او پیز جاری کردیں۔

یہ بھی پڑھیں:

ملک بھر میں کورونا کے 90نئے کیسز رپورٹ، 1 مزید شہری جاں بحق

کمشنر کراچی کی جاری کردہ ایس او پیز کے تحت تمام سرکاری و نجی اسکولز میں ایک ماہ کیلئے اسمبلی اور پی ٹی سیشن پر پابندی عائد کردی گئی۔ ہدایت کی گئی ہے کہ طلبہ فل آستین کی شرٹس پہن کر اسکول آئیں گے۔

تمام اسکولز مستقل طور پر ڈینگی اور ملیریا جیسے موذی امراض سے بچاؤ کیلئے اسپرے اور اس حوالے سے آگہی سیشن منعقد کرانے کے پابند کردئیے گئے۔ خیال رہے کہ رواں برس کراچی میں ڈینگی کے 4 ہزار 676 کیسز اور 11 اموات رپورٹ کی جاچکی ہیں۔

شہرِ قائد میں صفائی کے انتظامات انتہائی ناقص اور حفظانِ صحت کے حوالے سے حکام کا رویہ افسوسناک ہے۔ جگہ جگہ پڑے کچرے کے ڈھیر، تعفن زدہ ماحول اور ندی نالوں میں پنپتی آلودگی سے مچھر بڑھ رہے ہیں جس سے ڈینگی اور ملیریا کیسز میں اضافہ ہورہاہے۔

Related Posts