غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اسرائیل نے الاہلی اسپتال کو سفاکانہ بمباری کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں 500 متاثرین جنگ شہید ہوگئے ہیں۔
غزہ کے شہری دفاع کے ترجمان نے عالمی میڈیا کو بتایا کہ الاہلی اسپتال پر بمباری میں زیر علاج زخمیوں سمیت سینکڑوں متاثرین جنگ شہید ہوگئے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ غزہ میں وسیع پیمانے پر تباہی کے باعث ان کا محکمہ علاج کی ضروریات کو پورا کرنے سے قاصر ہے، انہوں نے بتایا کہ غزہ کی پٹی میں اندھا دھند اسرائیلی بمباری سے کوئی جگہ محفوظ نہیں رہ گئی ہے۔
الجزیرہ کے نمائندے کے مطابق بمباری کا نشانہ بننے والے اسپتال کے ملبے سے اب تک کسی متاثرہ فرد کو نہیں نکالا جا سکا ہے۔
رپورٹس کے مطابق صورتحال سنگین، چونکا دینے والی اور خوفناک ہے، اسرائیلی طیاروں نے اسپتال کے صحن میں اس جگہ کو نشانہ بنایا، جہاں سینکڑوں مہاجرین اور بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔
ویڈیو کلپس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسپتال پر گائیڈڈ میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے، کیونکہ اس حملے میں اسپتال کا مرکزی حصہ بطور خاص نشانہ بنا ہے، جہاں بے گھر اور زخمی افراد سینکڑوں کی تعداد میں پناہ گزیں تھے۔
غزہ میں سرکاری میڈیا آفس کے سربراہ نے کہا کہ قابض ریاست الاہلی اسپتال پر بمباری کر کے ایک نئے جنگی جرم کا ارتکاب کر چکی ہے۔
اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے کہا ہے کہ اسپتال پر کیا جانے والا یہ حملہ نسل کشی کا اقدام ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








