بھارت نے جنگ کاآغازکردیا،انجام تک ہم پہنچائیں گے،صدرآزادکشمیر

تازہ ترین

تازہ ترین

مودی جولاواتیارکررہا ہے اس سےبھارت خود راکھ ہوجائےگا،صدرآزادکشمیر
آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان کاکہنا ہےکہ دنیا بھر میں بھارتی اقدام کی مخالفت کی جا رہی ہے، دنیا نے ہندوستان کا کشمیر سے متعلق بیانیہ مسترد کر دیا ہے، مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کاقبرستان بنے گا۔

صدرآزادکشمیرمسعوداحمدخان نے کہا ہےکہ بھارت نے صدیوں کی جنگ کاآغازکردیا ہے ،مقبوضہ کشمیرپرحملہ پاکستان پرحملہ ہے ،دفاع کشمیرکےلیے کسی بھی حد تک جانے کے لیےتیارہیں ۔

مظفرآبادمیں یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرآزادکشمیر کا کہناتھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات سے خطے میں امن و امان کی صورتحال کو سنگین خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ بھارت تشدد اور ظلم سے کشمیریوں کی آوازکو دبانا چاہتا ہے، پاکستان کشمیر کےلئے سیاسی و سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کشمیر پاکستان کی شہرگ اور تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔آرمی چیف

سردارمسعوداحمد خان کا کہناتھا کہ بھارت نےمقبوضہ کشمیر میں ٹائم بم نصب کردیا ہے،کشمیری تنہا نہیں ہیں ہم ہر محاذ پر ان کے لئے لڑیں گے۔انہوں نےکہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لاک ڈاؤن کو ایک مہینہ ہوگیا، بھارت کے غلط اقدامات کےخلاف پوری پاکستانی قوم نے اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ نے بیانات تو دیےلیکن کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے، اقوام متحدہ فوری طور پر کشمیریوں کی نسل کشی رکوائے۔

صدرآزادکشمیرکامزیدکہناتھا کہ بھارت نے 5 اگست کو پھر مقبوضہ کشمیر اور خطے پر حملہ کیا،بھارت تشدد اور ظلم سے کشمیریوں کی آواز دبانا چاہتا ہےلیکن دنیا کی کوئی قوت جموں و کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو ان سے چھین نہیں سکتی۔

مزیدپڑھیں:صدرِ پاکستان عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کا یوم دفاع و یکجہتی کشمیر کے موقعے پر قوم کے نام پیغام

انہوں نےکہاکہ چین، ترکی اور ایران نے کشمیری عوام کے حق میں بیان دیا،سلامتی کونسل مسئلہ کشمیر کی وجہ سے خطے کو لاحق خطرات دور کرے،بھارت برصغیر سے مسلمانوں کو نیست و نابود کرنا چاہتا ہے۔بھارت نے تہذیبی جنگ کا آغاز کردیا ہے جسے ختم ہم  کریں گے اور فتح حق کی ہوگی۔

صدرآزادکشمیر نے کہا کہ کشمیریوں کادرد ہمارا درد ہے،کشمیریوں کی تڑپ ہماری تڑپ ہے،کشمیر یوں کے حق خودارادیت کےلئے پاکستان نے 6 جنگیں بھی لڑیں، بھارت نے 1965 میں پاکستان کو للکارا تھا تاہم قوم نے دشمن کو سبق سکھایا تھا۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے 60 لاکھ لوگ پاکستانی فوج کا حصہ ہیں اور یہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے 22 کروڑ عوام افواج پاکستان کے سپاہی ہیں۔

Related Posts