یورپی یونین کے اہم ملک سلوواکیہ کے وزیر اعظم رابرٹ فیکو فائرنگ سے زخمی ہوگئے، حکومتی ترجمان کے مطابق ان کی حالت تشویشناک ہے۔
بین الاقوامی خبر ایجنسی نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیر اعظم پر فائرنگ کے شبہے میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
واقعہ کیسے پیش آیا؟
ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم رابرٹ فیکو حکومتی اجلاس میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے کہ مسلح شخص نے ان پر فائرنگ کردی جس وہ زخمی ہوگئے۔ رابرٹ فیکو پر 4 گولیاں فائر کی گئیں، ایک گولی ان کے پیٹ پر لگی۔
خبر ایجنسی کے مطابق ترجمان وزارت داخلہ نے وزیراعظم رابرٹ پر قاتلانہ حملے کی تصدیق کی ہے، تاہم وزارت داخلہ کی جانب سے مزید تفصیل نہیں بتائی گئی۔
اسپتال ترجمان کا کہنا ہے کہ اسپتال لانے پر وزیراعظم رابرٹ ہوش میں تھے، وزیراعظم رابرٹ کو ابتدائی طبی امداد کے بعد بڑے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے وزیراعظم کی حالت اب بھی خطرے میں ہے۔
دریں اثنا یورپی کمیشن کے سربراہ کی جانب سے سلوواک وزیراعظم پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی گئی ہے جبکہ ہنگری کے وزیراعظم نے بھی رابرٹ فیکو پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








