گزشتہ دنوں قاتلانہ حملے میں شہید ہونے والے جے یو آئی کے سابق رکن اسمبلی مولانا ادریس قتل کیس میں 7 اہم گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق تفتیشی حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 7 اہم ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، مبینہ ملزمان مردان ریجن سے گرفتار ہوئے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
حکام نے یہ بھی بتایا کہ پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ کے مختلف علاقوں کی جیوفینسنگ کا عمل بھی جاری ہے جبکہ ایک مبینہ ٹارگٹ کلر کے چارسدہ سے فرار ہونےکی ویڈیو کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیجز میں مبینہ ٹارگٹ کلر کو پشاور کے علاقہ چمکنی اور کوہاٹ روڈ پر دیکھا گیا، واقعے والے دن مبینہ ٹارگٹ کلر موٹرسائیکل پر چمکنی سے سروس روڈ کے ذریعے صبح ساڑھے 5 بجے چارسدہ پہنچا۔
تفتیشی حکام نے مزید بتایا کہ تحقیقات میں سیف سٹی ٹیم اور دیگر تفتیشی یونٹس کی معاونت بھی حاصل ہے۔
واضح رہے چارسدہ میں 5 مئی کو نامعلوم دہشتگردوں نے نامور عالم دین مولانا شیخ ادریس کو فائرنگ کرکے شہید کر دیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








