پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سال 2025 کے پہلے چھ ماہ (جنوری تا جون) کے دوران ملکی ایئر لائنز کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں پروازوں کی وقت کی پابندی اور باقاعدگی کی بنیاد پر درجہ بندی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایئر سیال نے 66اعشاریہ 85 فیصد پروازوں کو مقررہ وقت پر روانہ کر کے سب سے زیادہ وقت کی پابندی کا مظاہرہ کیا اور اسے ملک کی سب سے وقت کی پابند ایئرلائن قرار دیا گیا۔
اس کے بعد دوسرے نمبر پر فلائی جناح رہی جس نے 59اعشاریہ 79 فیصد پروازیں وقت پر روانہ کیں، جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) 54اعشاریہ 84 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
چوتھے اور پانچویں نمبر پر ایئر بلو اور سرین ایئر رہیں جن کی وقت کی پابندی کی شرح بالترتیب 49اعشاریہ 16 اور 43اعشاریہ 94 فیصد رہی۔
فلائٹ ریگولیرٹی یعنی پروازوں کے کم از کم منسوخ ہونے کے تناسب کے لحاظ سے فلائی جناح نے 95اعشاریہ 46 فیصد کارکردگی کے ساتھ سب سے زیادہ باقاعدگی دکھائی۔
ایئر سیال 94اعشاریہ 57 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی، جب کہ پی آئی اے 94اعشاریہ 18 فیصد پروازوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر آئی۔ ایئر بلو نے 90اعشاریہ 07 فیصد اور سرین ایئر نے 89اعشاریہ 11 فیصد باقاعدگی کے ساتھ چوتھا اور پانچواں مقام حاصل کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نجی ایئر لائنز نے وقت کی پابندی اور بھروسے کے لحاظ سے قومی ایئر لائن سے بہتر کارکردگی دکھائی، جو ملک کے ہوابازی کے شعبے میں بڑھتی ہوئی مسابقت اور انتظامی بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








