اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق سنی اتحاد کونسل کے عامر ڈوگر کو شکست دیکر دوسری مرتبہ اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو گئے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 291 ووٹ ڈالے گئے۔
ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ایاز صادق نے 199 ووٹ حاصل کیے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عامر ڈوگر صرف 91 ووٹ لے سکے، ایک ووٹ مسترد کردیا گیا۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے نومنتخب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے عہدے کا حلف لیا جبکہ ایاز صادق انتخاب جیتنے کے بعد حریف عامر ڈوگر کی نشست پر گئے جس کے بعد انہوں نے حلف اٹھایا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق اس سے پہلے سال 2013 میں بھی قومی اسمبلی اسپیکر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
سردار ایاز صادق نے اسپیکر کا حلف اٹھانے کے بعد منصب سنبھال لیا اور سبکدوش اسپیکر راجہ پرویز اشرف کو رخصت کیا۔
واضح رہے کہ اسپیکر کے انتخاب کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا اور اسپیکر سردار ایاز صادق ڈپٹی اسپیکر سے حلف لیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








