سیاحتی مرکز: کراچی کا نوبیاہتا جوڑا آزاد کشمیر میں دم گھٹنے سے جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

جاں بحق
(فوٹو: اسکائی نیوز)

آزاد کشمیر کے سیاحتی مرکز میں کراچی کا نوبیاہتا جوڑا دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگیا ہے، جواں سال دولہا دلہن کی شادی رواں ماہ ہوئی تھی، حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ آٹھ مقام کے گیسٹ ہاؤس میں پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے نوبیاہتا جوڑے نے آزاد کشمیر میں دم توڑ دیا۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ طٰحہٰ اور دعا زہرا 4فروری کو ازدواجی بندھن میں بندھے تھے جو 11 فروری کو آزاد کشمیر کیلئے روانہ ہوئے، 14فروری کو ویلنٹائن ڈے کے موقعے پر رات 9 بجے طٰحٰہ سے آخری بار رابطہ ہوا تھا۔

نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق طٰحہٰ اور دعا زہرا گیسٹ ہاؤس سے چیک آؤٹ کرکے نیلم ویلی جانے والے تھے۔ مکینیکل انجینئر طٰحہٰ اور بی بی اے کی طالبہ دعا زہرا گیسٹ ہاؤس کے کمرے میں دم گھٹنے سے جاں بحق ہوئے، تاہم دم گھٹنے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق میاں بیوی کی میتیں آج کراچی منتقل کی جائیں گی، جنہیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔ واقعے کے باعث جاں بحق طحہٰ اور دعا زہرا کے گھروں میں کہرام بپا ہوگیا ہے۔ علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد واقعے پر افسوس کا اظہار کر رہی ہے۔

Related Posts