پاکستانی کپتان بابر اعظم کی اپنی 8 سالہ پرستار سامعہ سے ویڈیو پر ملاقات

تازہ ترین

تازہ ترین

انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں بدترین کار کر دگی پر بابر اعظم کا مایوسی کاظہار
انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں بدترین کار کر دگی پر بابر اعظم کا مایوسی کاظہار

لاہور:کھلاڑیوں اور مداحوں کے درمیان ان ممکنہ فاصلوں کو دور کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ میں موجود چمپئن بیٹسمین بابر اعظم اور لاہور میں موجود اُن کی 8 سالہ مداح کے درمیان ایک ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔

قومی کپتان بابر اعظم کی 8 سالہ مداح سامعہ افسر کو بطور کرکٹ فین اس وقت شہرت ملی جب رواں سال کے آغاز میں ان کی نیٹ پر شاندار بیٹنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی،اس ویڈیو میں ننھی کرکٹر ہر گیند پر دلکش اسٹروکس کھیلتی نظر آئیں۔

اس موقع پر سری لنکا کے سابق کپتان اور ایم سی سی کے موجودہ صدر کمار سنگاکارا نے سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ننھی کرکٹر کی ویڈیو سے آگے نہیں بڑھ پارہے، اس کی تکنیک ان سے بھی بہتر ہے اور انہیں کرکٹ میں ایسے ٹیلنٹ کو دیکھ کر بہت حوصلہ ملتا ہے۔

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1283310802448064512

اپنی ننھی پرستار کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے قومی ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سامعہ افسر کی بیٹنگ کی خوب تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک بہترین بیٹر بننے کے لیے مفید مشورے دئیے۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ننھی پرستار سامعہ افسر کی صلاحیتیں صرف کرکٹ تک ہی محدود نہیں ہیں بلکہ انہوں نے بابر سے آن لائن ملاقات کرنے سے قبل بلے باز کی تصویر کا ایک دلفریب خاکہ بھی تیار کیا ہے، جسے وہ وطن واپسی پر بابر اعظم کو بطورِ تحفہ پیش کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔

بابر سے آن لائن ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سامعہ افسر نے کہا کہ وہ بابر اعظم کی سب سے بڑی پرستار ہیں اور وہ ان کی طرح ایک نامور کرکٹر بننا چاہتی ہیں۔ ننھی پرستار نے کہا کہ بابر اعظم ایک سپر ہیرو ہیں اور جس طرح وہ اپنی بیٹنگ کی بدولت دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں، بالکل اسی طرح وہ بھی ایک دن قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے لیے کامیابیاں سمیٹنے کی خواہش رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بابراعظم نے انہیں بیٹنگ میں بہتری لانے کے لیے مفید مشورے دئیے ہیں، جس پر وہ مکمل عمل کرنے کی کوشش کریں گی۔ بابر اعظم کا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ، کھیل کا سب سے اہم حصہ ہیں اور وہ اچھے یا بُرے ہر وقت میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے متحرک رکھتے ہیں۔

Related Posts