کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے نالوں میں کچرا پھینکنے پر دو ماہ کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ پابندی سیکشن 144 کے تحت نافذ کی گئی ہے جس کے مطابق 22 جنوری سے 22 مارچ 2026 تک نالوں میں کچرا، ملبہ یا کوئی بھی فضلہ پھینکنا مکمل طور پر ممنوع ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس پابندی کا اطلاق عام شہریوں کے ساتھ ساتھ کباڑیوں، ریسائیکلرز اور صفائی عملے پر بھی ہوگا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے اور گرفتاری بھی ممکن ہے۔
کمشنر نے متعلقہ پولیس اسٹیشنز کو ہدایت کی ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی اور مقدمات درج کیے جائیں تاکہ شہر کے نالوں میں فضلہ پھینکنے کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
اس اقدام کا مقصد خاص طور پر آمدہ مون سون کے موسم سے قبل نالوں کی صفائی اور بہاؤ کو بہتر بنانا ہے تاکہ بارشوں کے دوران پانی کے جمع ہونے اور سیوریج سسٹم کے بند ہونے جیسی مشکلات سے بچا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








