کراچی :شہرقائدسمیت سندھ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی، امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر محکمہ داخلہ سندھ نے رات گئے نوٹیفکیشن جاری کیا۔
سندھ میں آج عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر صوبے بھر میں سیکورٹی خدشات کے پیش نظرمحکمہ داخلہ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگادی ہے۔
عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آج ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام و مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31توپوں کی سلامی اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 بندوقوں کی سلامی کے ساتھ ہوا۔ فجر کی نماز کے بعد مساجد میں امت مسلمہ کے اتحاد و ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
آج ملک بھر میں نبی آخرالزماں ﷺکی تعظیم کے لئے خصوصی کانفرنسوں ، تقاریب اور محفل میلاد کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
عید میلاد النبی ﷺکے سلسلے میں وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام ایک بین الاقوامی رحمت اللعالمین ﷺکانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
کانفرنس کا افتتاحی سیشن صدرڈاکٹر عارف علوی کی زیرصدارت ہوگاجبکہ اختتامی سیشن کی صدارت وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔