پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کے سائے میں شہر قائد میں ڈاکو راج برقرار ہے، ڈاکوؤں کے ہاتھوں سکیورٹی گارڈ قتل اور مزاحمت پر 2 افراد زخمی ہو گئے۔
سندھ حکومت کی جانب سے سخت کارروائیوں کے دعوے کے باوجود کراچی میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہریوں کے قتل کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ تازہ واقعے میں شریف آباد کے علاقے اسحاق آباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ڈاکو لیاقت آباد بندھانی کالونی میں اے ٹی ایم سے نکلنے والوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ رینجرز کو دیکھ کر اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر بھاگ نکلے اور بھاگتے ہوئے رضوان نامی شخص سے موٹر سائیکل چھینی اور سکیورٹی گارڈ کو قتل کر دیا۔
مقتول سکیورٹی گارڈ 2 بچوں کا باپ تھا اور چاند رات کو اپنے بچوں کے ساتھ عید منانے آبائی علاقے لاڑکانہ جانے والا تھا۔ مقتول کی لاش پولیس موبائل میں عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، جہاں اس کی شناخت 30 سالہ وحید بلوچ کے نام سے کی گئی۔
دریں اثنا رینجرز کو دیکھ کربھاگنے والے ڈاکوؤں کو اسحاق آباد سوسائٹی میں گارڈ نے پکڑنے کی کوشش کی، جس پر ڈاکوؤں نے اس پر فائرنگ کردی۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔
سکیورٹی گارڈ وحید بلوچ کو سینے اور گردن میں 2 گولیاں لگیں جبکہ ڈاکو رضوان نامی شخص کی موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔ دوسری طرف ملیر ندی اور ناردرن بائی پاس پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈمپر ڈرائیور سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے ۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








