بنگلادیش کے بیٹر مشفیق الرحیم کا اعزاز، یونس خان کا ٹیسٹ ریکارڈ توڑ دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بنگلادیش کے مایہ ناز بیٹر مشفیق الرحیم نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر یونس خان کا طویل عرصے سے قائم ٹیسٹ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

سری لنکا کے تاریخی گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن مشفیق نے نہ صرف اپنی 12ویں ٹیسٹ سنچری مکمل کی بلکہ ایک خاص اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔ وہ اب سری لنکن سرزمین پر ٹیسٹ سنچری اسکور کرنے والے سب سے معمر غیر اوپنر بلے باز بن گئے ہیں۔

مشفیق الرحیم نے یہ شاندار سنچری 38 سال اور 39 دن کی عمر میں اسکور کی، یوں انہوں نے یونس خان کا 2015 کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے 37 سال اور 216 دن کی عمر میں سری لنکا کے خلاف سنچری بنائی تھی۔

بنگلادیشی بیٹر نے اس یادگار اننگز میں 163 رنز اسکور کیے، جو نہ صرف ان کے تجربے کا مظہر تھے بلکہ ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کے ساتھ کپتان نجم الحسین نے 148 رنز اور وکٹ کیپر لٹن داس نے 90 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

کھیل کے دوسرے دن کے اختتام پر بنگلادیش نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 484 رنز کا شاندار مجموعہ ترتیب دیا، جو سری لنکا کے لیے سخت دباؤ کا باعث بن سکتا ہے۔

Related Posts