بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مایوس کن کارکردگی دکھانے والے پاکستانی ٹاپ آرڈر بلے باز بابر اعظم گزشتہ 5 سال کے دوران پہلی بار ٹاپ 10 بیٹرز کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ پلیئرز کی رینکنگ جاری کردی، جس کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں مسلسل ناقص کاکردگی کے باعث بابر اعظم ٹاپ 10 بلے بازوں کی فہرست سے باہر ہوگئے۔
آئی سی سی کی جاری کردہ رینکنگ میں بابر اعظم 3 درجہ تنزلی کے بعد نویں سے 12 ویں نمبر پر آگئے، بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں بابر اعظم کی پرفارمنس انتہائی ناقص رہی، وہ 4 اننگز میں صرف 64 رنز جوڑ سکے۔
قومی بلے باز پچھلی 16 اننگز میں ایک نصف سنچری بھی نہیں بناسکے جبکہ سعود شکیل کی بھی 7 درجے تنزلی ہوگئی۔
محمد رضوان کی 10 ویں پوزیشن برقرار ہے جبکہ انگلینڈ کے جو روٹ کی نمبر ون پوزیشن مزید مستحکم ہے۔
اس کے علاوہ ٹاپ 10 بولرز میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں، ٹاپ 10 بولرز سے شاہین شاہ آفریدی کی بھی چھٹی ہوگئی جو ایک درجے تنزلی کے بعد 11 ویں پوزیشن پر چلے گئے۔
بنگلہ دیش سے وائٹ واش کے بعد پاکستان ٹیم کی ٹیسٹ رینکنگ میں بھی تنزلی ہوئی ہے جو چھٹے سے آٹھویں نمبر پر آگئی ہے، پاکستان کے موجودہ رینکنگ میں پوائنٹس 76 ہیں جو 1965 کے بعد ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کے کم ترین ریٹنگ پوائنٹ ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








