بنگلہ دیشی پارلیمنٹ تحلیل ہوگئی، صدر کے اقدام سے عبوری حکومت کی راہ ہموار

تازہ ترین

تازہ ترین

بنگلہ دیشی پارلیمنٹ
(فوٹو: سما ٹی وی)

ڈھاکہ: صدرِ مملکت شہاب الدین نے بنگلہ دیشی پارلیمنٹ تحلیل کردی ہے، صدر کے اقدام سے عبوری حکومت کے قیام کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت شہاب الدین نے بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کو تحلیل کردیا ہے۔ وزیراعظم شیخ حسینہ واجد پہلے ہی مستعفی ہو کر ملک چھوڑ چکی ہیں، جس کے بعد اراکینِ پارلیمنٹ عبوری حکومت کے قیام کیلئے اپنے اپنے کردار پر غور و خوض میں مصروف ہیں۔

ملک بھر میں پرتشدد احتجاج، درجنوں افراد کی ہلاکتوں اور سیکڑوں کے زخمی ہوجانے کے بعد بنگلہ دیشی طلبہ تحریک نے کچھ ہی دیر قبل صدر کو پالیمنٹ تحلیل کرنے کیلئے 3 بجے کا الٹی میٹم دیا تھا، جس پر کارروائی کرتے ہوئے صدر نے قومی پارلیمنٹ کو تحلیل کردیا۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں عبوری حکومت کے قیام کے بعد عام انتخابات کی راہ ہموار کیے جانے کی توقع ہے۔ بنگلہ دیشی طلبہ تحریک کے نتیجے میں طلبہ و طالبات کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور طلبہ کے والدین بھی گھروں سے باہر نکلے اور حکومت مخالف تحریک کا حصہ بن گئے تھے۔

ملک بھر میں پرتشدد ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ مستعفی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے مظاہرین کی مدد کرنے والے افراد کو رضا کار کہہ کر تختِ بنگلہ دیش کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی تھی جس کے بعد مظاہرین مشتعل ہوئے اور حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی۔

Related Posts