بنوں آپریشن مکمل، تمام دہشتگرد ہلاک، 2 شہادتیں ہوئیں، وزیر دفاع

تازہ ترین

تازہ ترین

بنوں آپریشن مکمل، تمام دہشتگرد ہلاک، 2 شہادتیں ہوئیں، وزیر دفاع
بنوں آپریشن مکمل، تمام دہشتگرد ہلاک، 2 شہادتیں ہوئیں، وزیر دفاع

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بنوں میں انسداد دہشتگردی کے ادارے (سی ٹی ڈی) کمپاؤنڈ پر قابض دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل ہوگیا ہے، انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران تمام ملک دشمن واصل جہنم ہوگئے، جبکہ 2 شہادتیں ہوئی ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنوں کی صورتحال کے حوالے سے ایوان کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ 20 دسمبر کو دن ساڑھے بارہ بجے بنوں میں ایس ایس جی کمانڈوز آپریشن کا آغاز کیا، یہ آپریشن دن ڈھائی بجے مکمل کر لیا گیا، آپریشن میں تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ تمام یر غمال اہلکاروں کو با حفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اس دوران تقریباً 15 ایس ایس جی کمانڈوز زخمی ہوئے اور دو شہادتیں ہوئی ہیں، دو دن قبل سی ٹی ڈی سنٹر میں ایک دہشت گرد واش روم استعمال کرنے کے بہانے اندر داخل ہوا اور اس نے سی ٹی ڈی اہلکار کو اینٹ مار کر اس سے گن چھین لی، اس کے بعد 33 کے قریب دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی سنٹر کے اہلکاروں کو یر غمال بنا لیا۔

خیبر پختونخواہ میں سرحد پار سے دہشت گردی ہو رہی ہے جبکہ صوبائی حکومت زمان پارک میں عمران خان کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے، صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر عمران خان کے زیر استعمال ہے، عمران خان خواب دیکھ رہا ہے کہ دوبارہ وہاں حکومت بنائے گا۔

دوسری جانب سرکاری ذرائع کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ کے اندر تمام دہشت گردوں کو ہلاک کئے جانے کے بعد سرچ آپریشن کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں:بنوں آپریشن مکمل، سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر حملہ کرنے والے تمام دہشتگرد ہلاک

واضح رہے کہ اتوار کے روز بنوں میں دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر حملہ کیا تھا اور اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا تھا جس پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا تھا۔

Related Posts