بیرسٹر گوہر کا عمران خان کو جیل میں سہولیات فراہمی کیلئے درخواست سے لاتعلقی کا اظہار

تازہ ترین

تازہ ترین

عمران خان
(فوٹو: دی کرنٹ)

راولپنڈی: چیئرمین تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے سابق وزیراعظم عمران خان کو جیل میں سہولیات کی فراہمی کیلئے دائر درخواست سے لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے کیلئے درخواست سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بھائی ایڈووکیٹ فیصل حسین چوہدری نے دائر کی اور دعویٰ کیا کہ درخواست چیئرمین گوہر خان کی رضامند یسے دائر کی گئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ فیصل چوہدری نے ہماری قانونی ٹیم کی ہدایات کے برعکس یہ درخواست عمران خان کے پرانے وکالت نامے کو استعمال کرتے ہوئے اپنے طور پر دائر کی ہے۔ ہم پیر کو ایک اور درخواست دائر کریں گے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پٹیشن ہفتے کے روز دائر کی گئی جس کیلئے پرانا وکالت نامہ استعمال ہوا، کیونکہ یہ معاملہ عمران خان کو جیل میں دی جانے والی سہولیات اور بانی پی ٹی آئی کی صحت کا ہے، اس لیے درخواست دائر کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قانونی کمیٹی ہمارے جن وکلاء کو نامزد کرے گی، وہ دونوں ہی درخواستوں پر دلائل دے سکیں گے۔ یاد رہے کہ حال ہی میں فیصل چوہدری کو تحریکِ انصاف کی قانونی ٹیم سے اور وکلاء کے واٹس ایپ گروپس سے بھی نکال دیا گیا ہے۔

Related Posts