اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں نوسربازوں کا ایک نیا گروہ سرگرم ہو گیا ہے جو سادہ لوح ڈرائیورز کو لفٹ کے بہانے دھوکا دے کر ان سے رقم اور قیمتی اشیاء ہتھیانے لگا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ نوسرباز عموماً خواتین یا خواجہ سرا کے روپ میں سڑک کنارے کھڑے ہوتے ہیں اور گزرنے والی گاڑیوں سے لفٹ مانگتے ہیں۔
جیسے ہی ڈرائیور ان پر ترس کھا کر لفٹ دیتے ہیں، یہ لوگ گاڑی میں بیٹھنے کے بعد بلیک میلنگ شروع کر دیتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ نوسرباز ڈرائیورز کو رقم، موبائل فون یا دیگر قیمتی اشیاء دینے پر مجبور کرتے ہیں اور زیادہ تر لوگ اپنی عزت اور شہرت کے خوف سے چپ چاپ ان کے مطالبات مان لیتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر متعدد شہریوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ خود بھی اس طرح کے دھوکے کا شکار بن چکے ہیں۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی اجنبی شخص کو گاڑی میں لفٹ نہ دیں اور اگر ایسی صورتحال کا سامنا ہو جائے تو فوراً قریبی پولیس چوکی یا پیٹرول پمپ پر رک کر حکام کو اطلاع دیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کے واقعات شہریوں میں خوف اور عدم اعتماد پیدا کر رہے ہیں، لہٰذا پولیس کو چاہیے کہ وہ ان گروہوں کے خلاف فوری کارروائی کرے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








