رات کی تاریکی میں بڑا کھیل! گلستان جوہر سے 25 بکرے کیسے غائب ہوگئے؛ ویڈیو دیکھیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی کراچی میں مویشی منڈیوں اور گھروں میں لائے گئے قربانی کے جانوروں کی حفاظت ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گئی ہے کیونکہ شہر کے مختلف علاقوں میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اسی سلسلے میں ایک افسوسناک واقعہ گلستان جوہر میں پیش آیا ہے جہاں سے 25 بکرے چوری کر لیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 8 میں نامعلوم افراد عید قرباں کے لیے فروخت کی غرض سے لائے گئے 25 بکرے چوری کر کے فرار ہو گئے۔ یہ واقعہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب پیش آیا جب ملزمان پلاٹ پر بندھے ہوئے جانوروں کو کھول کر ساتھ لے گئے۔

اطلاعات کے مطابق چور موٹر سائیکل اور کار پر سوار تھے اور انہوں نے بکروں کو ایک سوزوکی گاڑی میں منتقل کیا جس کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔ اس واقعے کی باقاعدہ رپورٹ تھانہ ملیر کینٹ میں درج کر دی گئی ہے۔

بکروں کے مالک محمد اسامہ خان کے مطابق چوری ہونے والے جانوروں کی مجموعی مالیت 19 لاکھ روپے سے زائد ہے۔انکا کہنا ہے کہ یہ بکرے خاص طور پر عید الاضحیٰ کے موقع پر فروخت کے لیے لائے گئے تھے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے جس میں مبینہ ملزمان کو جانور لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق فوٹیج اور دیگر ویڈیوز کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

Related Posts