پنجاب حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ٹریفک قوانین کے جرمانوں میں کمی اور متعدد خلاف ورزیوں پر قید کی سزا ختم کرنے کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ قانون پنجاب کی جانب سے جاری نئے بل میں کئی ٹریفک خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے کم کر دیے گئے ہیں جبکہ جیل کی سزائیں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔
نئے قانون کے تحت لائسنسنگ سے متعلق خلاف ورزی پر پہلے 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے جرمانہ اور قید کی سزا تھی، تاہم اب جرمانہ کم کر کے 5 ہزار سے 10 ہزار روپے کر دیا گیا ہے جبکہ قید ختم کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ون وے کی خلاف ورزی پر پہلے 50 ہزار روپے جرمانہ یا 6 ماہ قید کی سزا مقرر تھی، لیکن نئے قانون کے مطابق اب صرف 5 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔
غلط سمت میں گاڑی چلانے پر بھی پہلے چھ ماہ قید یا 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا تھی، تاہم اب صرف 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
کم عمر ڈرائیورز سے متعلق قانون میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ پہلے اس جرم پر چھ ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ تھا، جبکہ اب 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔ ایسی صورت میں گاڑی ضبط کر کے کسی لائسنس یافتہ فرد کے حوالے کی جائے گی۔
بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ گاڑی چلانے پر پہلے سخت سزائیں موجود تھیں، مگر نئے بل کے تحت اب صرف 5 ہزار روپے جرمانہ ہوگا اور گاڑی کو صرف انسپکشن اسٹیشن تک لے جانے کی اجازت ہوگی۔
پبلک سروس گاڑیوں میں حد سے زائد مسافر بٹھانے پر بھی پہلے چھ ماہ قید یا 50 ہزار روپے جرمانہ تھا، تاہم اب صرف 5 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔ یہ قانون گاڑی کی چھت پر سفر کرنے یا اطراف سے لٹکنے والے مسافروں پر بھی لاگو ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








