بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں حالیہ دہشت گردی کے بعد پولیس نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ایک بڑا سرچ آپریشن کیا ہے جس کے دوران 180 سے زائد مشتبہ افراد کو مختلف الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن کے ساتھ ساتھ کریک ڈاؤن بھی جاری رکھا ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران مختلف علاقوں سے 100 سے زائد موٹر سائیکلز برآمد ہوئیں جو حملوں کے دوران چوری ہوئی تھیں۔
کوئٹہ پولیس کا ماننا ہے کہ کئی ملزمان وارداتوں کے دوران چھینا گیا سامان مختلف مقامات پر چھوڑکر فرار ہوگئے، تفتیش کو مؤثر بنانے کیلئے جیو فینسنگ سے مدد لی جارہی ہے جبکہ سیف سٹی کیمروں اور اطراف کی عمارتوں سے بھی فوٹیج حاصل کی جارہی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے بعد شناخت یقینی بنانے کیلئے نادرا سے تعاون حاصل کیا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر مزید مقامات پر چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔ اس دوران ہزار گنجی مری کیمپ سے 2 مشکوک گاڑیاں بھی برآمد ہوئیں۔
تفتیشی افسران نے مشکوک گاڑیوں کو تحویل میں لے کر فرانزک جانچ کا آغاز کردیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ گاڑیاں ممکنہ طور پر دہشت گرد عناصر کے استعمال میں تھیں، دہشت گردی میں ملوث گروہوں کے خلاف سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








