پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کا دن سرمایہ کاروں کیلئے بے چینی لے کر آیا جہاں تیزی کے بعد اچانک منافع سمیٹنے کے رجحان نے مارکیٹ کا رخ بدل دیا اور بینچ مارک انڈیکس ایک ہی دن میں تقریباً ایک ہزار پوائنٹس کی بڑی کمی کا شکار ہوگیا۔
کاروباری دن کا آغاز ہی منفی فضا میں ہوا ابتدائی لمحات میں شدید دباؤ کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس نیچے آتا دکھائی دیا تاہم دوپہر کے وقت خریدار ایک بار پھر متحرک ہوئے جس سے مارکیٹ میں جزوی بحالی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس بڑھتے بڑھتے انٹرا ڈے کی بلند ترین سطح 187,905 پوائنٹس تک جا پہنچا لیکن یہ بہتری عارضی ثابت ہوئی۔ جیسے ہی سرمایہ کاروں نے منافع سمیٹنا شروع کیا، فروخت کا دباؤ دوبارہ غالب آگیا۔
ٹریڈنگ کے آخری گھنٹے میں یہ دباؤ شدت اختیار کرگیا جس کے نتیجے میں بینچ مارک انڈیکس دن کی کم ترین سطح 185,199.36 پوائنٹس تک گر گیا۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 975.70 پوائنٹس یا 0.52 فیصد کمی کے ساتھ 185,543.01 پوائنٹس پر بند ہوا جو مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کی واضح عکاسی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے ایک روز قبل بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری رہا تھا جہاں مختلف شعبوں میں بھرپور خریداری کے باعث بینچ مارک انڈیکس نئی تاریخی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا تھا۔ بدھ کو کے ایس ای 100 انڈیکس 1,456.61 پوائنٹس یا 0.79 فیصد اضافے کے بعد ریکارڈ 186,518.72 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








