نیویارک:دنیا کے چوتھے امیرترین شخص بل گیٹس اور ملینڈا گیٹس کی بیٹی جینیفر نے والدین کی 27سال بعد شادی ختم کرنے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہماری فیملی کیلئے ایک مشکل ترین وقت ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق بل گیٹس کی بڑی بیٹی جینیفر گیٹس نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے والدین کی علیحدگی پر ردعمل دیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ والدین کے ذاتی فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گی، یہ واقعی ہماری فیملی کیلئے ایک مشکل ترین وقت ہے۔جینیفر نے لکھا کہ محبتیں اور احساس کرنے والوں کی وہ شکرگزار ہیں، دنیا بھر سے بھیجے جانے والے پیغامات پر بھی تہہ دل سے ممنون ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مشترکہ پیغام میں دنیا کے چوتھے امیر ترین انسان بل گیٹس اور اہلیہ نے کہا کہ بہت سوچ سمجھ کر اور ازدواجی رشتے کیلئے کاوشوں کے بعد ہم دونوں نے متفقہ طور پر اپنی شادی کا رشتہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیغام میں مائیکروسافٹ کمپنی کے بانی بل گیٹس اور اہلیہ نے کہا کہ گزشتہ 27 برس میں ہم نے 3 بہت اچھے بچوں کو پال پوس کر بڑا کیا اور ایک ایسی فاؤنڈیشن بنائی جو دنیا بھر میں لوگوں کو صحت مند اور تخلیقی زندگی گزارنے کے قابل بناتی ہے۔
بل گیٹس اور اہلیہ کا کہنا ہے کہ ہم فاؤنڈیشن میں بدستور مشترکہ کام جاری رکھیں گے لیکن زندگی کے اگلے مرحلے میں ہم ایک شادی شدہ جوڑے کے طور پر ساتھ نہیں رہ سکتے۔ زندگی کے اس نئے موڑ پر اپنے لیے کچھ وقت چاہتے ہیں۔