آپریٹنگ سسٹم اور کمپیوٹر سافٹ وئیر کی دنیا میں انقلاب برپا کرنے والی دنیا کی مشہور کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آج ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس کے دوران سیکورٹی امور پر گفتگو ہوئی۔
گفتگو کے دوران بل گیٹس نے سیکورٹی امور اور ملک کے دفاع کے حوالے سے پاک فوج کے کردار کی تعریف کی جبکہ اس دوران بچوں کو معذور کردینے والی خطرناک بیماری پولیس کے انسداد پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
انسدادِ پولیو مہم پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج ملک کے دفاع سے لے کر صحتِ عامہ تک ہر شعبے میں گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم میں ہیلتھ کیئر ورکرز کا کردار قابلِ تعریف ہے جبکہ کورونا وائرس کی عالمی وباء کے تناظر میں ان کی خدمات کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔
واضح رہے کہ انسدادِ پولیو مہم آئندہ چند ہفتوں میں شروع ہونے والی ہے جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کورونا وائرس کے متعلق آگہی بیدار کرنے کیلئے آرمی چیف اور بل گیٹس کے مابین ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی بات چیت ہوئی۔