پاکستان میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کے باعث شہریوں کی جان و مال مسلسل خطرے میں رہتی ہے۔ بعض اوقات وارداتیں صرف لوٹ مار تک محدود رہتی ہیں مگر کئی بار قیمتی جانیں بھی ضائع ہو جاتی ہیں تاہم حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ایسا غیر معمولی واقعہ وائرل ہوا ہے جس میں واردات کرنے والے خود لٹ گئے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو افراد کالے اور سفید کپڑوں میں ملبوس ایک موٹر سائیکل پر سوار ہو کر سڑک پر موجود ایک شخص کے قریب پہنچتے ہیں۔
وہ اسے تھپڑ مارتے ہیں اور قیمتی سامان حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ بظاہر یہ ایک عام ڈکیتی کی واردات تھی مگر صورتحال اس وقت ڈرامائی انداز اختیار کر گئی جب اس شخص نے اچانک اپنی جیب سے پستول نکال کر ڈاکوؤں پر تان دی۔
متاثرہ شہری نے نہ صرف ڈاکوؤں کو جوابی تھپڑ مار کر اپنا سامان واپس لیا بلکہ الٹا انہیں اپنے جیبوں سے سامان نکالنے پر مجبور کر دیا۔ اس دوران ڈاکوؤں کے پاس فرار کے سوا کوئی چارہ نہ رہا اور وہ اپنی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جان بچاتے ہوئے بھاگ کھڑے ہوئے۔
یہ دلچسپ اور عجیب و غریب واقعہ تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے، جس پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔
کئی صارفین نے اسے ڈاکوؤں کے لیے عبرت ناک سبق قرار دیا، جبکہ بعض نے شہری کے جرات مندانہ رویے کو سراہا۔تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ واقعہ کس شہر میں پیش آیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








