کراچی کے علاقے نئی سبزی منڈی میں دھماکہ ہوا ہے۔ زوردار دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا ہے۔دھماکہ نئی سبزی منڈی میں ایک بینک کے قریب ہوا۔
تفصیلات کے مطابق نئی سبزی مندی میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ بینک کے قریب ہونے والے دھماکے سے اطراف کی دکانوں اور عمارات کے شیشے ٹوٹ گئے۔ متعدد گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے نئی سبزی منڈی کی سیوریج لائن میں دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دھماکے سے سیوریج لائن کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
نجی بینک کے باہر ہونے والے زوردار دھماکے کے نتیجے میں عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ عموماً سبزی منڈی کے اس علاقے میں 2 بجے کے قریب رش ہوتا ہے جب دھماکے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ سیوریج لائن میں گیس بھرنے سے ہوا۔
دھماکے کے بارے میں عینی شاہدین کا مزید کہنا ہے کہ سیوریج لائن میں ہونے والے دھماکے سے موٹر سائیکل کئی فٹ تک اوپر اچھل کر ایک گاڑی پر جا گری۔ دھماکے میں زخمی ہونے والا شخص سکیورٹی گارڈ کا کام کرتا ہے۔ پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








