نئی دہلی: بھارت کے دارالحکومت میں اسرائیلی سفارت خانے سے چند قدم کے فاصلے پر زور دار دھماکا ہوا ہے جس میں تین کاریں تباہ ہوگئیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ریڈ زون ایریا میں واقع اسرائیلی سفارت خانے سے چند میٹرز کی دوری پر زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔
دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، جب کہ دھماکے کے نتیجے میں سفارت خانے کے نزدیک 3 کاریں تباہ ہوگئیں۔ جائے وقوعہ کی جانب ہارن بجاتی ایمبولینسوں کو جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے جب کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
نئی دہلی پولیس کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیل کے سفارت خانے کے نزدیک دھماکے کی تصدیق کرتے ہیں مگر ابتدائی طور پر جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ دھماکے کی نوعیت اور وجہ کا تعین کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ 2012 میں بھی نئی دہلی میں اسرائیل کے سفارت خانے پر اسی قسم کا دھماکا کیا گیا تھا تاہم کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔موجودہ صورتحال کے پیش نظر اسرائیلی سفارتخانے کی سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔