پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیر محل میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک نابینا شادی شدہ خاتون کو اغوا کرکے چھ ماہ تک قید میں رکھا گیا اور بارہا جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس نے خاتون کی شکایت پر تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جن میں ایک عورت بھی شامل ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون، جس کا نام ’ح‘ ظاہر کیا گیا ہے، نے بتایا کہ اپریل 2025 میں ایک شخص ’اے‘ نے مالی مدد کی پیشکش کے بہانے اسے بہلا پھسلا کر اغوا کر لیا۔
ملزم اپنے ساتھیوں امجد اور ریحانہ بی بی کے ہمراہ متاثرہ خاتون اور اس کے کمسن بیٹے کو لاہور لے گیا، جہاں اسے قید رکھا گیا۔
متاثرہ خاتون کے مطابق مرکزی ملزم نے بارہا اس سے زیادتی کی اور دھمکی دی کہ اگر اس نے مزاحمت کی تو وہ اسے اور اس کے بچے کو قتل کر دے گا۔
اس دوران ملزمان نے اسے سڑکوں پر بھیک مانگنے پر بھی مجبور کیا۔ کئی ماہ تک اس اذیت ناک قید کے بعد خاتون کسی طرح موقع پا کر فرار ہوگئی اور پیر محل کے پلاٹ بی کے علاقے میں اپنے شوہر کے گھر واپس پہنچ گئی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








