کراچی: ڈرامہ سیریل ”خانی“ سے شہرت پانے والے اداکار فیروز خان نے کہا ہے کہ مجھے خدا کی عبادت اور ذکر سے ایسی خوشی ملتی ہے جو کہیں اور سے یا کسی اور کام سے نہیں مل سکتی۔
اینکر پرسن ندا یاسر کے شو میں شرکت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے فیروز خان نے کہا کہ آپ صبح صبح اٹھیں اور اپنے کام پر چلے جائیں، زندگی صرف اسی کا نام نہیں ہے بلکہ اعمال سب سے اہم ہیں۔
گفتگو کے دوران فیروز خان نے کہا کہ ہر شخص کے لیے لازم ہے کہ وہ خدا کو راضی کرنے کی طرف توجہ دے اور میری نظر میں زندگی اسی کا نام ہے۔ جب خدا آنکھیں کھول دیتا ہے تو عبادت سے خوشی ملنا شروع ہوجاتی ہے۔
اداکار فیروز خان نے کہا کہ حج کے حوالے سے بتانا چاہتا ہوں کہ ایک بار صرف خدا سے دعا کرنے پر اس نے اپنے در پر بلایا ۔ مجھے کوئی امید نہیں تھی کہ یہ ہوگا، لیکن جب ایسا ہوا تو بے حد خوشی ہوئی۔
فیروز خان نے کہا کہ حج بے حد اہم عبادت ہے جو خدا کے بلاوے سے ہوتی ہے، نہ کوئی اسے خرید سکتا ہے، نہ کرسکتا ہے جب تک خدا کی رضا نہ ہو۔ نوجوانوں کو خدا سے صرف صراطِ مستقیم کا سوال کرنا چاہئے۔
واضح رہے کہ ٹی وی ڈراموں کے ساتھ ساتھ فیروز خان مختلف فلمز میں اداکاری کرچکے ہیں، انہوں نے متعدد ڈراموں میں بھی اداکاری کی جس پر انہیں بے حد سراہا گیا۔