کراچی: منظور کالونی میں پانی کی ٹینکی ڈلوانے والا نوجوان چوتھی منزل سے گرگیا، ہولناک ویڈیو

تازہ ترین

تازہ ترین

Boy Falls from Fourth Floor While Filling Water Tank Amid Karachi Water Crisis
FACEBOOK

کراچی کے علاقے منظور کالونی میں پانی کے سنگین بحران نے ایک اور افسوسناک سانحہ جنم دیا جہاں ایک نوجوان لڑکا پانی کی ٹینکی بھرنے کی کوشش کے دوران چوتھی منزل سے گر کر شدید زخمی ہو گیا۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب علاقے میں کئی دنوں سے پانی کی فراہمی بند ہونے کے باعث مذکورہ لڑکے نے مجبوراً پانی کی ٹینکی ڈلوانے کا بندوبست کیا۔

چشم دید گواہوں کے مطابق نوجوان پانی کی ٹینکی سے پائپ جوڑ رہا تھا کہ توازن برقرار نہ رکھ سکا اور چوتھی منزل سے نیچے گر گیا۔ اہلِ محلہ نے فوری طور پر زخمی کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

یہ واقعہ شہر کراچی میں جاری پانی کے بحران کی سنگینی کو ایک بار پھر اجاگر کرتا ہے، جہاں بیشتر علاقوں میں شہری روزانہ کی بنیاد پر پانی کے لیے مارے مارے پھرتے ہیں۔

منظور کالونی سمیت شہر کے متعدد علاقوں میں مہینوں سے پانی کی ترسیل بند یا انتہائی محدود ہے، جس کی وجہ سے لوگ ٹینکرز، بورنگ یا خطرناک طریقوں سے پانی کے حصول پر مجبور ہو چکے ہیں۔

شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر شہر میں صاف پانی کی باقاعدہ فراہمی یقینی بنائی جاتی تو آج اس طرح کے حادثات رونما نہ ہوتے۔

علاقہ مکینوں نے حکومت سندھ، واٹر بورڈ اور شہری انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کے پانی کے بحران پر فوری توجہ دی جائے اور ایسے ناقابلِ تلافی حادثات سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

Related Posts