بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز نے ایک خفیہ اطلاع پر مبنی آپریشن کے دوران پانچ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائی دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کی گئی جس میں فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، مارے جانے والے تمام دہشت گرد فتنہ الہندوستان نامی تنظیم سے تعلق رکھتے تھے اور مبینہ طور پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم تھے۔
آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان کی موجودگی سیکیورٹی کے لیے سنگین خطرہ بنی ہوئی تھی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز ہر قسم کے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








