برازیل کی خاتون فٹبالر کاتھلین سوزا نے اسلام قبول کر لیا

تازہ ترین

تازہ ترین

کیتھولین سوزا، فائل فوٹو

برازیل کی فٹبالر کاتھلین سوزا نے اسلام قبول کر لیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس خبر کو خاصی توجہ حاصل ہو رہی ہے۔ وہ اس وقت سعودی عرب کے معروف کلب النصر ویمن فٹبال ٹیم کی کھلاڑی ہیں۔

کلب کی جانب سے منگل 17 فروری کو جاری بیان میں اس فیصلے کا اعلان کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ انتظامیہ اپنی کھلاڑی کے اس اہم فیصلے پر خوش ہے اور ان کے لیے ثابت قدمی اور قلبی سکون کی دعاگو ہے۔ کلب نے ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں وہ جذباتی انداز میں اپنی خوشی کا اظہار کرتی دکھائی دیں۔

اسلام قبول کرنے کے بعد کاتھلین سوزا نے مسجد الحرام جا کر عمرہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ درست راستے کی تلاش میں تھیں اور اپنی شخصیت کا بہتر روپ اختیار کرنا چاہتی تھیں۔

29 سالہ سوزا برازیل کی ریاست ساؤ پاؤلو کے شہر ساؤ ویسینتی میں پیدا ہوئیں اور فٹبال میں سینٹرل بیک کے طور پر کھیلتی ہیں۔ اس سے قبل وہ برازیل کے کلب سانتوس ایف سی ویمن سے وابستہ رہ چکی ہیں۔ بعد ازاں وہ امریکہ منتقل ہوئیں جہاں انہوں نے یونیورسٹی آف لوئس وِل اور یونیورسٹی آف سینٹرل فلوریڈا میں تعلیم کے ساتھ فٹبال بھی کھیلی۔

اگست 2024 میں وہ دو سیزن کے معاہدے پر النصر کی خواتین ٹیم میں شامل ہوئیں۔ حال ہی میں انہیں کلب کی جانب سے مہینے کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا، جبکہ وہ برازیل کی خواتین قومی فٹبال ٹیم کا حصہ بھی رہ چکی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ان کے اسلام قبول کرنے کے اعلان کو مثبت ردعمل ملا ہے، جہاں صارفین نے اسے ان کی ذاتی زندگی کا اہم فیصلہ قرار دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Related Posts