کراچی :پاکستان بھر میں بریسٹ کینسر کے حوالے سے شعور و آگاہی کیلئے تقریبات کا سلسلہ جاری، گورنر سندھ کی اہلیہ ریما عمران کا سینٹ جوزف کالج کا دورہ، طالبات کو چھاتی کے سرطان کے حوالے سے معلومات دیں۔
ماہ اکتوبر کو پاکستان میں بریسٹ کینسر کے حوالے سے شعور و آگاہی کے مہینے کے طور پر منایا جارہا ہے۔
اس سلسلے میں صدر مملکت کی اہلیہ بیگم ثمینہ علوی كکی زیر سرپرستی ملک بھر میں آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں گورنر سندھ کی اہلیہ بیگم ریما عمران نے سینٹ جوزف کالج کا دورہ کیا اور سیمینار میں شرکت کی۔
کالج کی پرنسپل سسٹر روحی غوری نے ٹیم کے ہمراہ سینٹ جوزف کالج برائے خواتین آمد کے موقع پر بیگم ریما عمران کا پرجوش خیرمقدم کیا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا، بیگم ریما عمران کے ساتھ ڈاکٹرز بھی موجود تھیں ۔
بیگم ریماعمران اور ڈاکٹرز نے طالبات کو چھاتی کے سرطان کے حوالے سے معلومات دیں، سیمینار میں دو سے زائد طالبات سے خطاب کرتے ہوئے بیگم ریما عمران نے کہا کہ چھاتی کا سرطان ایک موذی مرض ہے اور ہر نو میں سے ایک عورت اسکا شکار ہوسکتی ہے۔
پاکستان میں ہر سال تقریبا نوے ہزار خواتین بریسٹ کینسر کا شکار ہوتی ہیں جن میں سے چالیس ہزار خواتین کے لئے یہ کینسر جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی عورت خواہ وہ عمر کے کسی بھی حصے میں چھاتی میں گلٹی،درد یا نپلز میں تبدیلی محسوس کرے تو وہ اپنا چیک اپ کروائے ،اس سلسلہ میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ اور لاپرواہی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے ۔