بھارتی ریاست گجرات کے شہر راجکوٹ میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ملزمان نے 6 سالہ بچی کو عصمت دری کا نشانہ بنا دیا۔
گجرات کے شہر راجکوٹ کے علاقے آتکوٹ میں 6 سالہ معصوم بچی کے ساتھ وحشیانہ جنسی تشدد کا سانحہ پیش آیا ہے، عصمت دری کی کوشش میں ناکامی کے بعد ملزم نے بچی کے پرائیویٹ اعضاء میں لوہے کی راڈ داخل کر دی، جس سے بچی شدید زخمی ہوگئی۔
بھارتی پولیس کے مطابق دہود ضلع سے تعلق رکھنے والا ایک خاندان کھیتوں میں مزدوری کر رہا تھا، بچی اپنے والدین کے قریب ہی کھیت کے قریب کھیل رہی تھی کہ اچانک ایک نامعلوم شخص اسے اغوا کر کے لے گیا، جب بچی نے چیخنا شروع کیا تو ملزم گھبرا گیا اور اس نے لوہے کی راڈ بچی کے نجی اعضاء میں داخل کر دی جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ والدین نے بچی کو لاپتہ پایا تو تلاش شروع کی اور کچھ دیر بعد وہ کھیت کے قریب شدید زخمی حالت میں پائی گئی، اسے فوراً اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق بچی کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور اگلے 2 سے 3 دنوں میں اسے ڈسچارج کر دیا جائے گا، راجکوٹ کے ایس پی وجے سنگھ گورجر نے بتایا کہ انہوں نے 10 سے زائد ٹیمیں تشکیل دیں اور قریب 100 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی۔
بچی کی شناخت کے عمل کے دوران چائلڈ ایکسپرٹس کی موجودگی میں تقریباً 10 افراد کو بچی کے سامنے پیش کیا گیا، بچی نے بڑی بہادری سے مدھیہ پردیش کے علی راجپور ضلع سے تعلق رکھنے والے 35 سالہ رام سنگھ تیرا سنگھ ڈاڈویجر نامی مزدور کی نشاندہی کر دی۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم شادی شدہ ہے اور اس کے تین بچے بھی ہیں۔ پولیس نے اسے جرم کے مقام سے ملحقہ کھیت سے گرفتار کر لیا، ایس پی نے واضح کیا کہ تفتیش کے دوران کسی دوسرے شخص کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ اس جرم میں صرف ایک ہی ملزم ہے اور وہ گرفتار ہو چکا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








