اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس آج وفاقی دارالحکومت میں جاری ہے جس کے دوران بجٹ 21-2020ء کی منظوری دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق مالی سال 21-2020ء کا بجٹ منظوری کیلئے قومی اسمبلی میں پہلے ہی پیش کیا جاچکا تھا، آج صبح 11 بجے قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوگیا جس میں وفاقی وزیر برائے صنعتی ترقی و پیداوار حماد اظہر نے بجٹ کو منظوری کیلئے پیش کیا۔
مالیاتی بجٹ قانون سازی کیلئے قومی اسمبلی کے اراکین کے سامنے رکھا گیا جبکہ اپوزیشن رہنماؤں کے بیانات کے پیشِ نظر قومی اسمبلی کا اجلاس ہنگامہ خیز رہا۔ ضروریاتِ زندگی کی اجناس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ کراچی اسٹاک ایکسچینج پر حملہ بھی قومی اسمبلی میں بحث و مباحثے کا اہم موضوع رہا۔
بعد ازاں بجٹ کو اراکینِ قومی اسمبلی کی متفقہ رائے کو سامنے رکھتے ہوئے منظور کر لیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بجٹ کی منظوری کا اعلان کیا جبکہ حکومتی وزراء نے بجٹ کی منظوری پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے تحریکِ انصاف کی اہم معاشی کامیابی قرار دیا۔