سڑک پر کھڑی بس، پیچھے سے آئی تیز رفتار وین اور 17 لاشیں! جانیں سوات حادثے کی تفصیل

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

سوات ایکسپریس وے پر پیر کے روز ایک دلخراش ٹریفک حادثے میں کم از کم 17 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے جب ایک مسافر وین کھڑی بس سے جا ٹکرائی۔ موٹروے پولیس کے مطابق یہ حادثہ شدید غفلت اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق کراچی سے بنوں جانے والی مسافر بس میں فنی خرابی پیدا ہونے پر اسے سڑک کنارے روک دیا گیا تھا۔ بتایا گیا کہ ڈرائیور گاڑی کی مرمت کی کوشش کر رہا تھا کہ اسی دوران راولپنڈی سے دیر جانے والی ایک تیز رفتار مسافر وین پیچھے سے آ کر بس سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ وین مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور موٹروے پولیس موقع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق افراد و زخمیوں کو فوری طور پر مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق مرنے والوں میں مرد، خواتین، بزرگ اور بچے شامل ہیں۔

ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ مبینہ طور پر وین ڈرائیور کی غفلت اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جس نے کھڑی بس کو پیچھے سے زور دار ٹکر ماری۔ حکام کے مطابق بس جنریٹر میں خرابی کے باعث روڈ کنارے کھڑی تھی۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

 

موٹروے پولیس نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی افراد کی فوری شناخت ممکن نہیں ہو سکی تاہم ابتدائی معلومات کے مطابق تمام متاثرین اپر دیر اور باجوڑ کے رہائشی تھے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شفی جان نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے اس سانحے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ صوبائی حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

Related Posts