کراچی : آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن کے بانی چیئرمین عبدالشکور کھتری نے کہا ہے کہ سری لنکا میں میتوں کو جلانے کے خلاف مسلم کمیونٹی میں شدیدغصہ پایا جارہا تھا، سری لنکا میں کورونا سے انتقال کرنے والوں کی تدفین کی اجازت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن کے بانی چیئرمین ومعروف صنعتکار عبدالشکور کھتری نے سری لنکن حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے مسلمان بھائیوں کی تدفین پر عائد پابندی ختم کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ سری لنکا کی بدولت ہی اس پابندی کا خاتمہ ممکن ہوا اور اب اس وبائی مرض سے مرنے والوں کو دفنایا جاسکے گا۔ اس اقدام سے یقینی طور پر دنیا بھر کے مسلمانوں میں پائی جانے والی بے چینی دور ہوئی۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ سری لنکا میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کو دفنانے کی بجائے جلانے کا حکم تھا جس کی وجہ سے عالمی برادری خاص طور پر مسلم برادری کی جانب سے اس فیصلے پر نہ صرف شدید تنقید کی گئی بلکہ سری لنکن حکومت کے اس غیر اخلاقی اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات بھڑکانے پر سخت ردعمل ظاہر کیا گیا اور دنیا بھر میں سکونت پذیر مسلم برادری نے میتوں کو جلانے کی بجائے تدفین کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
عبدالشکور کھتری نے مزید کہاکہ جس طرح مسلم ممالک میں دیگر مذاہب کے عقائد کا خیال رکھا جاتا ہے اوراقلیتی کمیونٹی کو اپنے مذہبی عقائد کے مطابق عبادت اور دیگر رسومات کی اجازت ہے۔
اسی طرح غیر مسلم ملکوں کو بھی مسلمانوں کے مذہبی عقائد کا خیال رکھنا چاہیے اور انہیں مذہبی لحاظ سے اپنے فرائض انجام دینے کی آزادی ہونی چاہیے جس سے بھائی چارے کی فضا پیدا ہوگی اورعالمی برادری اورمسلم کمیونٹی کے مابین تعلقات مزیدمستحکم ہوں گے۔