اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی جانب سے پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز کے براہ راست ٹیلی کاسٹ کرنے کے حوالے سے ہندوستانی کمپنیوں اسٹار اور سونی سے رابطے کی درخواست مسترد کردی۔
اسلام آباد میں کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے پی ٹی وی کی جانب سے انگلینڈ پاکستان کرکٹ سیریز کو نشر کرنے کے لئے اسٹار اور سونی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا، ”پاکستان کسی بھی ہندوستانی کمپنی کے ساتھ شراکت نہیں کرسکتا ہے اور ہمسایہ ملک کے ساتھ ہمارے تعلقات 5 اگست 2019 کو کشمیر کی سابقہ حیثیت کی بحالی کے فیصلے کو واپس کرنے سے مشروط ہیں۔”
فواد چوہدری نے کہا، ”اسٹار اور سونی کی جنوبی ایشیاء کے تمام کرکٹ مواد پر اجارہ داری ہے اور اس کے سارے حقوق ہندوستانی کمپنیوں کے پاس ہیں۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نشریاتی حقوق کے حصول کے لئے انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) اور دیگر غیر ملکی کمپنیوں سے رابطہ کرنے سمیت مختلف آپشنز کو تلاش کرنے کی کوشش کرے گا۔
انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ اس فیصلے کی وجہ سے پی ٹی وی اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مالی نقصان اٹھانا پڑے گا۔
دوسرے فیصلے:
اجلاس کے دوران لیئے گئے دیگر فیصلوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ نے قومی ترانے کو بھی دوبارہ ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ہم اس پر کام کر رہے ہیں اور جلد ہی اس منصوبے پر آگے بڑھیں گے۔”
چودھری کا مزید کہنا تھا کہ کابینہ نے پاکستان ٹیلیفون انڈسٹریز ہری پور کو نئی ریڈیو ٹیلی مواصلات کارپوریشن کی اصلاح اور تنظیم نو کے لئے حوالے کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں فیصلہ 2006 سے زیر التوا ہے۔
وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ طارق ملک کو کابینہ سے منظوری کے بعد نادرا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ دیگر تقرریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ عمر حبیب لودھی کو دوبارہ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی اسٹور کے عہدے پر مقرر کیا گیا ہے۔
مزید برآں، وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ نے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور چیئر پرسن فرسٹ ویمن بینک کی تقرریوں کو منظوری دے دی ہے۔ نجیب اگروالا اس بینک کے نئے چیئرپرسن ہوں گے، جبکہ بشرا احسان، صبیحہ سلطان، اکبر علی، وجاہت رسول خان اور نغمانہ عالمگیر ہاشمی اس کے بورڈ ممبر کے طور پر کام کریں گے۔
پاکستان میں امریکی فضائی اڈے:
پاکستان میں امریکی فوجی یا ہوائی اڈوں کی موجودگی سے متعلق سوال کے جواب میں، فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس سلسلے میں سینیٹ میں حکومت کی پالیسی کی وضاحت کی ہے اور پاکستان میں امریکی اڈوں کے وجود کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ٹرین سانحہ:
گھوٹکی ٹرین حادثے کا ذکر کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ ہمارے ریلوے کے نظام کو اپ گریڈیشن کی ضرورت ہے اور اسے ایک یا دو سال میں مکمل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا، ”اس تبدیلی کے لئے طویل المیعاد منصوبہ بندی کی ضرورت ہے،” سابقہ حکومتوں نے اورنج لائن ٹرین کا آغاز کرنے کے لئے 300 ارب روپے کی کرپشن کی۔