کراچی: پاکستان کے مایہ ناز آل راونڈ کرکٹر وسیم اکرم کی ساحل سمندر سی ویو پر کچرے کی نشاندہی والی ویڈو وائرل ہونے کے بعد کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کو ہوش آگیا۔سی ویو کی صفائی شروع ہو گئی۔
ساحل سمندر سی ویو پر 2 کلو میٹر کے ساحل پر ہر طرف کچرا اور غلاظت کے باعث ساحل پر تفریح کے لیے آنے والے شہریوں کو شدید مایوسی کا سامنا تھا اور لوگ گندگی کے باعث اپنی پکنک ادھوری چھوڑ کر یا ساحل کو گندا دیکھ کر وہاں سے مایوسی کے عالم میں چلے جاتے تھے۔
وسیم اکرم کی شعور اجاگر کرنے والی ویڈیو ز عوام میں بے حد مقبول ہو رہی ہیں اور پیر کی صبح انہوں نے کراچی کے ساحل سمندر سی وویو پر بھی ایسی ہی ویڈیو بنائی تھی،جس میں انہوں نے ساحل کر طویل فاصلے تک پھیلے ہوئے کچرے کی نشاندہی کی تھی۔
جس پر کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن نے سنجیدگی سے ایکشن لیا اور فوری طور پر متعلقہ عملے اور گاڑیوں کے ساتھ صفائی شروع کردی تھی، واضح رہے کہ سی ویو پر اپنا روزگار کمانے والے گھوڑے کی سواری والے، اونٹ کی سوری والے اور دیگر اشیاء فروخت کرنے والے دکاندار بھی کچرے کے باعث لوگوں کی آمد رک جانے سے شدید پریشان تھے۔
گھوڑے کی سواری کرانے والے شخص کا کہنا تھا کہ پہلے ہی لاک ڈاؤن کے باعث ساحل بند تھا اب کھلا ہے تو بارش کے پانی کے ساتھ شہر بھر کا کچرا یہاں آگیا ہے۔
بارشیں تو بند ہوئے کافی عرصہ ہو گیا،مگر صفائی آج ہوئی ہے، جب اسے بتایا گیا کہ یہ صفائی وسیم اکرم کی نشاندہی کے بعد ہوئی ہے تو اس نے کہا کہ اصل ہیرو تو وسیم بھائی اب بنے ہیں، جو عوام کے مسائل اپنی ویڈیوز سے حل کر رہے ہیں۔