پشاور: پولیس نے خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے خلاف چاند نظر آنے کادعویٰ اور عید کا اعلان کرنے پرمقدمہ درج کرلیا ہے۔
میرانشاہ پولیس کے مطابق عید کا چاند دیکھنے کا دعویٰ کرنے والے ایک عالم دین اور متعدد دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ملزمان کیخلاف احترام رمضان آرڈیننس، لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی دفعہ 511 اور ایم پی او کی دفعہ 148 اور 149 کے تحت دو الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزشمالی وزیرستان کے گاؤں حیدر خیل نے ایک بار پھر سعودی عرب کو پیچھے چھوڑ تے ہوئے عید کا چاند نظر آنے کا دعویٰ کرتے ہوئے آج عید الفطر منانے کا اعلان کردیاتھا۔
خیبر پختونخوا پولیس نے غیر قانونی رویت ہلال کمیٹی کے کیخلاف مقدمات درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
پاکستان میں آج 29 واں روزہ ہے جبکہ سرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جس میں ملک بھر سے علماء و ماہرین فلکیات شریک ہونگے جس میں چاند کی رویت کے بعد عید کا اعلان کیا جائیگا۔