کراچی:وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے عید الاضحی کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ داخلہ کے ذریعہ سخت ایس او پیز کے تحت منظور شدہ / نامزد مقامات پر مویشی منڈیاں قائم کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ انہوں نے یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ ہاس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ ملک کے دیگر صوبوں میں مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دے دی گئی ہے، لہٰذا منتظمین قربانی کے جانوروں کیلئے مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت کیلئے سندھ حکومت سے رجوع کر رہے ہیں۔ اس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ وہ COVID-19 وبائی مرض کی وجہ سے مویشی منڈی لگانے کی اجازت دینے کے خلاف ہیں۔
انہوں نے کہا چونکہ مویشی منڈیوں کے ساتھ ایک مذہبی پہلو منسلک ہے، لہٰذا وہ محکمہ داخلہ کے ذریعہ سخت ایس او پیز کے ساتھ ان کے قیام کی اجازت دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو منڈیوں میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ مویشی تاجران، منتظمین اور خریداروں کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کروانے کیلئے اپنی موبائل ٹیمیں بھیجیں۔
مراد علی شاہ نے چیف سکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ تمام ڈویژنل کمشنرز کو اپنے علاقوں میں مویشی منڈیوں کے قیام کیلئے بالخصوص شہروں / ٹاؤن سے باہر مخصوص علاقوں کا تعین کرکے اس کے بارے میں مطلع کریں تاکہ COVID-19 کے پھیلا سے بچا جا سکے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کو بھی ہدایت جاری کی کہ وہ سڑکوں پر تاجروں کو اپنے مویشی فروخت کرنے کی اجازت نہ دیں۔ انہوں نے کہا یہ خطرناک ہوگا اور لوگوں کے ہجوم کو اکھٹا کرنے کی طرف راغب کرے گا۔
انہوں نے وزیر بلدیات سید ناصر شاہ کو بھی جانوروں کی قربانی کیلئے یونین کونسل کی سطح پر علاقوں کو نامزد کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کوویڈ۔19 جیسی سنگین صورتحال میں ہم ہر گلی میں جانوروں کے ذبح کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں لیکن اس مقصد کیلئے ایک مناسب طریقہ کار اور نامزد علاقوں کا ہونا ضروری ہے۔
وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے وزیر اعلی سندھ کو بتایا کہ کورونا وائرس کا اثر زوال کی جانب گامزن ہے لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ یہ وبائی مرض ختم ہوچکا ہے۔ اس پر وزیر اعلی سندھ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ہاٹ سپاٹ والے علاقوں میں جانچ کا عمل تیز کیا جائے۔
ہر گھر سے کم از کم ایک فرد کا ان علاقوں میں ٹیسٹ کرنا ضروری ہے جہاں منتخب لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ دیہی علاقوں میں ٹیسٹ بڑھا دیئے گئے ہیں اسی لئے تشخیصی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ مرا دعلی شاہ نے چیف سکریٹری کے ذریعہ پی ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ وہ صوبے کے لوگوں کو ایس ایم ایس سروس کے ذریعہ آگاہی دینے کا آغاز کریں، اگر عوام میں سے کسی کو بھی کورونا وائرس کی کوئی علامت محسوس ہوتی ہے تو وہ خود انکی جانچ کرائیں۔