اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کا جلسہ آج، سکیورٹی ریڈ الرٹ پر، وجوہات کیا ہیں؟

تازہ ترین

تازہ ترین

تحریکِ انصاف کا جلسہ
(فوٹو: دی نیوز)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کا جلسہ آج ہوگا اور آج ہی شہرِ اقتدار میں سکیورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی جس کی وجوہات بھی سامنے آگئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق حکمراں سیاسی جماعت تحریکِ انصاف آج اسلام آباد میں جلسہ کرے گی۔ جی ٹی روڈ پر مویشی منڈی گراؤنڈ میں جلسے کیلئے زور و شور سے تیاریاں جاری ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کارکنان کو جلسے میں شرکت کی دعوت دے دی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں  نے کہا کہ ہم جلسہ کرکے آئین و قانون کے مطابق اپنا حق استعمال کر رہے ہیں۔ ہمارا جلسہ پر امن ہوگا۔ نہ ہم لانگ مارچ کر رہے ہیں اور نہ ہی دھرنا دے رہے ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر سکیورٹی کو ریڈ الرٹ کردیا گیا ہے۔ ریڈ زون کے داخلی و خارجی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا۔ جی ٹی روڈ ٹیکسلا سے اسلام آباد جانے والے راستے بھی بند کردئیے گئے۔

انتظامیہ کی ہدایت پر فیض آباد انٹرچینج بھی سیل کردیا گیا ہے۔ مری روڈ کو شمس آباد میٹرو اسٹیشن کے نزدیک بند کردیا گیا۔ ایکسپریس وے کو کھنہ پل کے قریب بند کیا گیا جبکہ ٹول پلازہ پر مری سے آنے جانے والے راستے بھی بند کردئیے گئے ہیں۔

جلسے کے روز ریڈ الرٹ کی وجہ؟

وفاقی وزراء اور شہباز شریف حکومت اپنے متعدد بیانات سے واضح کرچکی ہے کہ 9 مئی واقعات کے بعد سے تحریکِ انصاف کو پر امن جماعت قرار دینا غلطی سمجھی جارہی ہے۔ آج جلسے کے روز سکیورٹی ریڈ الرٹ کرنے کا مقصد کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنا ہے۔

Related Posts