حب پمپنگ اسٹیشن کے نزدیک کراچی کو پانی مہیا کرنے والی 66 انچ قطر کی حامل مرکزی لائن پھٹ جانے کے باعث ہزاروں گیلن پانی ضائع ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حب پمپنگ اسٹیشن کے قریب مین رائزنگ کی 66 انچ قطر کی حامل سپلائی لائن پھٹ جانے سے کئی فٹ بلند پانی کے فوارے بلند ہونے لگے اور بچوں نے گرمی سے بچنے کیلئے پانی سے نہانا شروع کردیا۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو ایس بی) نے مرکزی لائن پھٹ جانے کے بعد فوری ایکشن لیتے ہوئے پانی کی ترسیل روک دی جس سے مزید ہزاروں گیلن ضائع ہونے والا پانی بچا لیا گیا ہے تاہم مرمت کا کام شروع نہ ہوسکا۔
واٹر بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ مین رائزنگ لائن سے پانی کی فراہمی بند کردی گئی ہے، لائن میں پانی صاف ہوجانے کے بعد مرمت کا آغاز کیا جائے گا۔ ویلڈنگ کرکے لائن درست کی جائے گی اور اس دوران پانی کی فراہمی بند رہے گی۔
باوثوق ذرائع کے مطابق مرکزی لائن پھٹ جانے کے باعث حب ڈیم سے کراچی کو فراہم کیے جانے والے پانی کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔ عام طور پر 1 روز میں شہرِ قائد کو 8 سے 9 کروڑ گیلن پانی کی ترسیل کی جاتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مرکزی لائن سے پانی کی فراہمی جلد بحال کی جائے گی تاہم آئندہ 1 سے 2 روز تک کراچی کے ضلع غربی کو پانی کی فراہمی متاثر ہوگی۔ مرمت کا عمل پورا ہونے کے بعد پانی کی ترسیل مکمل طور پر بحال کردی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا طیارہ کابل میں پھنسے شہریوں کو لے کر وطن واپس پہنچ گیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








