کراچی کے علاقے ڈیفنس میں سابق شوہر نے خاتون کو بد ترین ظلم کا نشانہ بناتے ہوئے زنجیروں میں جکڑ دیا۔ متأثرہ خاتون بچوں کا خرچہ لینے کیلئے گئی تھی، جب یہ واقعہ پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ ڈیفنس فیز 5 میں پیش آیا۔ پولیس نے گھر میں زنجیروں میں قید خاتون کو بازیاب کروالیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے سابقہ شوہر نے اسے بچوں کا خرچہ دینے کے بہانے ملاقات کیلئے بلایا اور زنجیروں میں باندھ کر فرار ہوگیا۔
پولیس کو ون فائیو پر خاتون کے جکڑے ہونے کی اطلاع دی گئی جس نے گھر کا دروازہ توڑ کر خاتون کو بازیاب کرالیا۔ خاتون کو رہائشی عمارت کی تیسری منزل پر زنجیروں کی مدد سے قید کردیا گیا تھا۔ خاتون 3 بچوں کی ماں ہے۔
واقعہ سامنے آنے کے بعد پولیس کو دئیے گئے بیان میں خاتون کا کہنا ہے کہ میرے اور سابق شوہر کے کیس کی عدالت میں سماعت ہورہی ہے۔ سابقہ شوہر نے خرچہ دینے کیلئے بلایا تھا، لیکن زنجیروں سے باندھ کر چلا گیا۔
اس حوالے سے پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ خاتون جناح کالونی کی رہائشی ہے جس کے سابق شوہر کا نام لطیف معلوم ہوا ہے۔ ملزم کو تاحال گرفتار نہیں کیاجاسکا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








